کھویا کھویا ہے دل، ہونٹ چپ، آنکھ نم، ہیں مواجہ پہ ہم
رو برو اُن کے لایا ہے اُن کا کرم، ہیں مواجہ پہ ہم
لمحے لمحے پہ آیات کا نور ہے، نعت کا نور ہے
نور افشاں، دُرودی فضا دم بہ دم، ہیں مواجہ پہ ہم
ایک کونے میں ہیںِ سر جھکائے ہوئے، منھ چھپائے ہوئے
گردنیں ہیں بارِ ندامت سے خم، ہیں مواجہ پہ ہم
آنسوؤں کی زباں، کر رہی ہے بیاں، اُن سے احوالِ جاں
صرف اپنا نہیں پوری اُمت کا غم، ہیں مواجہ پہ ہم
مسکراتی ہوئی ہر تجلی ملی، کیا تسلی ملی
دُور ہوتے گئے سارے رنج و الم، ہیں مواجہ پہ ہم
سب طلب گار حرفِ شفاعت کے ہیں، اُن کی رحمت کے ہیں
چہرے چہرے پہ ہے اک سوالِ کرم، ہیں مواجہ پہ ہم
1 comments :
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
اس نعت کا لنک اگر دستیاب ہو تو نوازش ہوگی
Post a Comment